اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ محکمہ صحت راولپنڈی کے مطابق اب تک ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 394 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تاہم ڈینگی سے کوئی ہلاکت ریکارڈ نہیں کی گئی۔ اس وقت 38 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق ضلع بھر میں اب تک 80 لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد کی اسکریننگ کی جاچکی ہے۔ ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 3894 ایف آئی آرز درج ہوئیں جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1722 عمارتیں سیل کردی گئیں۔ مجموعی طور پر 3304 چالان کیے گئے اور 97 لاکھ 84 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 49 لاکھ 82 ہزار گھروں کی جانچ کے دوران ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد گھروں میں ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ ایک لاکھ 31 ہزار مقامات چیک کیے گئے جن میں سے 17 ہزار 862 مثبت پائے گئے۔ اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 48 ہزار 198 ڈینگی لاروا تلف کیے جاچکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے نئے کیسز میں رحمت آباد سے 2، کوٹھا کلاں سے 2 اور لکھن سے بھی 2 مریض شامل ہیں۔
دیگر کیسز ڈھوک حسو شمالی، کلیال، فوجی کالونی، تخت پڑی، سی ٹی آر 14، ساگھری، پنڈورا، سی ٹی آر 6، شکر یال نارتھ، سیٹلائٹ ٹاؤن ڈی بلاک، سی ٹی آر 7، امام بارہ، سی ٹی آر 9 اور گرجا سے رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں اور گلیوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
مزید پڑھیں :حج درخواستوں کی وصولی آج سے شروع