لاہور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب نے خطے میں جدید ترین کینسر علاج کا آغاز کر کے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے، جہاں اب مریضوں کو کنوینشنل سرجری، کیموتھراپی یا ریڈیو تھراپی کی سختیوں سے گزرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ان کے مطابق یہ پروسیجر ایک جدید پروب کے ذریعے مکمل ہوتا ہے اور صرف ساٹھ منٹ میں مریض کینسر فری ہو جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال میں اس علاج کا آغاز کر دیا گیا ہے اور چند ماہ کے اندر جدید کینسر یونٹ بھی فنکشنل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں چند مریضوں پر یہ طریقہ آزمایا گیا اور تمام مریض مکمل طور پر صحتیاب نکلے۔ فیصل آباد کی ایک مریضہ کا بریسٹ ٹیومر صرف ایک گھنٹے میں ختم کیا گیا، متعدد خواتین مریضاؤں اور ایک لنگ ٹیومر کے مریض کی کامیاب سرجریز ہوئیں اور سب اب صحت مند ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے عوام کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اپنی والدہ بھی کینسر کا شکار رہی ہیں اور وہ ذاتی طور پر جانتی ہیں کہ یہ بیماری صرف مریض نہیں بلکہ پورے خاندان کو متاثر کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی جدید ٹیکنالوجی سے اب علاج تکلیف دہ نہیں رہا اور یہ ایک صدقہ جاریہ ہے جس سے جتنے مریض صحتیاب ہوں گے سب کو اس کا اجر ملے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال مکمل ہونے سے پہلے ہی علاج شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ مریضوں کو انتظار میں نہیں چھوڑا جا سکتا تھا۔ فی الحال میو ہسپتال میں ایک مشین آپریشنل ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور راولپنڈی کے لیے مزید مشینوں کا آرڈر دیا جا رہا ہے۔ نواز شریف کینسر ہسپتال کے لیے بھی تین نئی مشینیں منگوائی جائیں گی۔ ان کے مطابق چین کے علاوہ خطے میں یہ ٹیکنالوجی کہیں موجود نہیں اور پنجاب نے اس جدید علاج کے آغاز کے ساتھ برتری حاصل کر لی ہے۔
مزید پڑھیں :مہنگائی کے اس طوفان میں سستے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنا عوام دشمنی ہے، پیپلز پارٹی