لاہور(اے بی این نیوز)صوبائی ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے مختلف امراض کی جعلی ادویات پکڑی ہیں اور ڈریپ نے اس حوالے سے ریپڈ الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر جعلی ادویات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا، اس کارروائی میں ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے بخار، جسم درد، بیکٹیریل انفیکشن السر، انزائٹی کے علاج کے لیے استعمال کی جانے والی جعلی ادویات پکڑ لیں۔
صوبائی ڈرگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹس نے چھاپوں کے دوران مختلف مارکیٹس سے 10 جعلی ادویات برآمد کیں، ڈریپ نے صوبائی صحت کے محکموں کی درخواستوں پر عمل کرتے ہوئے عوام اور صحت کے پیشہ ور افراد کو خبردار کرنے کے لیے فوری الرٹس جاری کیے ہیں۔ضبط شدہ مصنوعات میں جعلی اینٹی بائیوٹکس، ناک کے اسپرے، اینٹی ایلرجی ادویات، معدے کی دوائیں، اور ڈائیوریٹکس شامل ہیں۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ انسانی جسم سے اضافی پانی اخراج کی جعلی دوا کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے بعد ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز نے ادویات کے سیمپلز کو جعلی قرار دیا ہے، ان کا استعمال ممکنہ طور پر جان لیوا ہو سکتا ہے۔
ڈریپ کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق جعلی ادویات نیشنل، ملٹی نیشنل کمپنیز کے برانڈز کے ناموں پر تیار کردہ ہیں، جعلی ادویات کے لیبلز پر کراچی، قصور کی کمپنیز کے پتے درج ہیں۔ڈریپ کے مطابق ایزومیکس 500 ایم جی ٹیبلٹ کے نام پر تیار کردہ بیچ C1699 جعلی ہے، ایزومیکس ٹیبلٹ نمونیہ، گلہ، اسکن انفیکشن کا معروف برانڈ ہے۔
کلیریسڈ 500 ایم جی ٹیبلٹ کے نام پر تیار کردہ بیچ 722269XV جعلی ہے، کلیریسڈ ٹیبلٹ 500 نمونیہ، پھیپڑا، گلہ انفیکشن کا معروف برانڈ ہے، جسم سے اضافی پانی اخراج کی ڈائیٹرون ٹیبلٹ کا بیچ DIT جعلی ہے،بیکٹیریل انفیکشن کی لیونٹوس ٹیبلٹ 375 ایم جی بیچ LF2 جعلی ہے، بیکٹریل انفیکشن کی لیونٹوس ٹیبلٹ 625 ایم جی بیچ ز LF2، LF4 جعلی ہیں، آنتوں کے السر کا سلفیرا سسپنشن 1 گرام 5 ایم کا بیچ SL6 جعلی ہے۔
ڈریپ کے مطابق الرجی کے فیورن نیزل اسپرے 50 ایم سی جی کا بیچ NF4 جعلی ہے، بیکٹریل انفیکشن کے ڈروکسیل کیپسول 500 ایم جی بیچ RC5 جعلی قرار دیا گیا ہے جبکہ انزائٹی کے علاج کی برومز ٹیبلٹ 3 ایم جی بیچ 0007 بھی جعلی ہے۔ڈریپ کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق ادویات ڈرگ ایکٹ 1976 سیکشن 3 کے تحت جعلی قرار پائی ہیں، متاثرہ ادویات کے بیچز جعلی فیکٹریوں کے تیار کردہ ہیں، جعلی ادویات غیر قانونی طور تیار، مارکیٹ میں سپلائی کی گئی ہیں۔
ڈریپ نے کہا ہے کہ جعلی ادویات کے سیمپلز میں خام مال کی تصدیق نہیں ہوئی ہے اوع ادویات کا معیار و افادیت غیر واضح ہے اس کا استعمال جان لیوا ہو سکتا ہے۔
حکام نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ مارکیٹس میں ایسی جعلی ادویات کی موجودگی کی فوری اطلاع دیں، صوبائی ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹس اور ریگولیٹری فورسز کو عوامی صحت کے تحفظ کے لیے نگرانی اور نفاذ کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے پر بحال کردیا