مردان (اے بی این نیوز)مردان کے تحصیل کاٹلنگ میں خناق کی وبا نے خطرناک صورت اختیار کر لی ہے جہاں تین بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں متاثر ہوئے ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ایک نجی اسکول سمیت تمام پانچ تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے ہیں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
محکمہ صحت کے مطابق تحصیل کاٹلنگ کے علاقے کنج غریب آباد میں یہ وبا سامنے آئی ہے، جس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر میڈیکل ٹیمیں گاؤں میں پہنچا دی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد شعیب نے بتایا کہ گھر گھر مہم کے دوران اب تک تین ہزار سے زائد بچوں کو خناق سے بچاؤ کی ویکسین دی جا چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر متاثرہ بچے وہ ہیں جو حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ گئے تھے۔ماہرین صحت نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ اپنے بچوں کو فوری طور پر ویکسین لگوائیں، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی بچے میں بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی اسپتال یا صحت مراکز سے رجوع کریں۔ ٹیموں نے علاقے کے عوام کو وبا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا ہے۔یا
د رہے کہ ایک ہفتہ قبل اچانک پھیلنے والی اس بیماری نے تین معصوم جانیں لے لی تھیں، جبکہ درجنوں بچے اب بھی متاثر ہیں۔ صحت حکام کا کہنا ہے کہ بروقت ویکسینیشن اور عوامی تعاون سے وبا کو قابو میں لایا جا سکتا ہے
مزید پڑھیں :لازوال عشق ، ابدی محبت کی تلاش،ڈیٹنگ ریئلٹی شو ،عائشہ عمر کی دبنگ انٹری