انقرہ ( اے بی این نیوز )پاکستانی اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہمیشہ نئے اور منفرد منصوبوں سے شائقین کو حیران کرنے کے لیے تیار رہتی ہیں۔ اس بار وہ پاکستان کے پہلے اردو ڈیٹنگ ریئلٹی شو لازوال عشق کی میزبانی کر رہی ہیں، جس کی شوٹنگ ترکی کے دلکش مناظر میں کی جا رہی ہے۔
یہ ریئلٹی شو مشہور ترک سیریز Aşk Adası سے ماخوذ ہے، جہاں چار مرد اور چار خواتین ایک شاندار ولا میں اکٹھے رہتے ہیں اور 100 قسطوں پر مشتمل دلچسپ سفر میں شامل ہوتے ہیں۔شو میں مقابلین کو رومانوی چیلنجز، غیر متوقع موڑ اور ڈرامائی لمحات کا سامنا ہوگا، جو ناظرین کو عالمی شہرت یافتہ شوز جیسے Love Island اور The Bachelor کی یاد دلا دے گا۔ عائشہ عمر نے انسٹاگرام پر شو کا ایک پرکشش ٹیزر بھی شیئر کیا ہے جس میں وہ سفید لباس میں ایک یاٹ پر نہایت اسٹائلش انداز میں نظر آرہی ہیں۔
ٹیزر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ یہ شو پاکستانی ناظرین کے لیے ایک بالکل نیا تجربہ ہوگا، جہاں ابدی محبت کی تلاش اور اس کے ساتھ جڑی مشکلات کو نمایاں کیا جائے گا۔عائشہ عمر، جو پہلے ہی بلبلے جیسے کامیاب ڈراموں اور ہاٹ چاکلیٹ جیسے یوتھ شوز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں، اس ریئلٹی شو میں اپنی دلکش شخصیت کے ذریعے نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے تیار ہیں۔
ان کے مداح بے صبری سے اس لمحے کا انتظار کر رہے ہیں جب وہ اپنی اسکرین پر ترک طرز کی رومانوی کہانیوں کو پاکستانی انداز میں دیکھ سکیں گے۔ لازوال عشق نہ صرف عائشہ عمر کے کیریئر میں ایک بڑا سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ پاکستان میں ریئلٹی ٹی وی کی دنیا کو بھی ایک نیا رخ دے گا۔
مزید پڑھیں :بھارتی بغض سامنے آگیا،پاکستان کی ٹیم کے ساتھ مصافحہ نہ کر نے کی ہدایت