پشاور (اے بی این نیوز)پشاور میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے معدنی وسائل عوام اور آنے والی نسلوں کی مشترکہ ملکیت ہیں اور ان پر کسی مخصوص طبقے کی اجارہ داری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کے حق پر قبضے کی کوشش کی گئی تو جے یو آئی بھرپور مزاحمت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایمانداری اور آئین کی حکمرانی کے اصولوں پر چلنا ہوگا تاکہ انصاف اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مولانا فضل الرحمان نے سرمایہ کاری کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاری سے بے نیاز نہیں رہ سکتا لیکن اس کے لیے ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقامی آبادی، صوبے اور ملک کے حقوق کا تحفظ ان کی پہلی ترجیح ہے اور کسی بھی چوری چھپے قانون سازی کے ذریعے عوامی وسائل پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف پالیسی کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور ایسے فیصلے ہرگز برداشت نہیں ہوں گے جو صرف طاقتور طبقے کے فائدے کے لیے کیے جائیں۔
مزید پڑھیں :میں کسی کے بچے مروا نہیں سکتا،لڑ کر مروں گا، خودکشی حرام ہے،علی امین گنڈاپور