لاہور ( اے بی این نیوز ) سپریم کورٹ کی جج جسٹس عائشہ اے ملک کے قافلے کے ساتھ ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں اُن کی سیکیورٹی اسکواڈ کی گاڑی شاہدرہ کے قریب الٹ گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کی وجہ اسکواڈ کی ایلیٹ فورس کی گاڑی کا ٹائر برسٹ ہونا بنی، جس کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے جن کی شناخت عمر، عبداللہ اور مبشر کے نام سے ہوئی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔جسٹس عائشہ اے ملک اسلام آباد سے لاہور روانہ تھیں اور حادثہ شاہدرہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب اسکواڈ لاہور میں داخل ہو رہا تھا۔
خوش قسمتی سے جسٹس عائشہ مکمل طور پر محفوظ رہیں اور انہیں سیکیورٹی کے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں، اور ٹریفک کو عارضی طور پر متبادل راستے پر موڑ دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مزید پڑھیں :راول ڈیم ،سپل ویز کھو دیئے