اہم خبریں

نامور اداکار عشرت عباس دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

پشاور( اے بی این نیوز) پاکستان ٹیلی وژن کے سینئر اور نامور اداکار عشرت عباس دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِجنازہ آج صبح گیارہ بجے گورنمنٹ کالج گراؤنڈ فقیر آباد پشاور میں ادا کی گئی، جس میں عزیز واقارب، مداحوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

عشرت عباس کا شماران فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ پاکستان ٹیلی وژن کے ساتھ وابستگی میں گزارا۔

چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنے شاندار کیریئر میں انہوں نے اردو، پشتو اور ہندکو ڈراموں میں لاجواب کردار ادا کیے اوراپنی جانداراداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ ان کے یادگار ڈرامے آج بھی مداحوں کے ذہنوں میں زندہ ہیں۔

اداکاری کے ساتھ ساتھ عشرت عباس نے ریڈیو پاکستان کے ڈراموں میں بھی صداکاری کی اوراپنی منفرد آواز و لہجے سے سننے والوں کومسحورکیا۔

ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا، جو ان کے شاندار فن اور غیر معمولی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

عشرت عباس کے انتقال کی خبر سنتے ہی شوبزاورادبی حلقوں میں گہرا رنج و غم پھیل گیا،ساتھی اداکاروں اور ہدایتکاروں نے کہا کہ وہ نہ صرف ایک عظیم فنکار تھے بلکہ اپنی انکساری اور شرافت کی وجہ سے ساتھیوں کے دلوں میں خاص مقام رکھتے تھے۔

فن کے چاہنے والوں نے مرحوم کی مغفرت اور بلندیِ درجات کے لیے دعا کی اور کہا کہ عشرت عباس پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا روشن باب تھے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:کوٹ رادھا کشن: سکول کی چھت گر گئی ،متعددبچے زخمی

متعلقہ خبریں