لاہور(اے بی این نیوز)پنجاب حکومت نے سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والی ملتان کی تحصیل جلالپور پیرا والا کے اسسٹنٹ کمشنر کو عہدے سے ہٹا دیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کل ایک پرائیویٹ کشتی چلانے کا واقعہ سامنے آیا، پرائیویٹ کشتی سیلاب زدگان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے پیسے مانگ رہی تھی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نجی کشتیوں کو ریگولیٹ کیا جائے گا، نجی کشتیوں کی ادائیگی حکومت کرے گی، اب تمام پرائیویٹ کشتیاں حکومت کی نگرانی میں چلیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کوئی آیا ہی نہیں، ہماری کوئی مدد نہیں کی گئی، 22 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، ملتان میں 139 کشتیاں عوام کو ریسکیو کرنے میں مصروف ہیں، پنجاب سخت ترین آفت سے لڑ رہاہے، اس طرح کے سوئپنگ بیانات دینا کہ کوئی مدد نہیں آیا ، یہ نامناسب ہے۔
ان کا کہنا تھا سیاست کے لیے سیلاب کو استعمال کرنا نامناسب ہے، سیلاب کے حالات سے نکل کر ہم اسکور سیٹل کریں گے، ہم سے زیادہ اسکور سیٹل کرنا کسی کو نہیں آتا، لیکن پنجاب حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کرتی، جہاں غلطی ہوتی ہے اسےٹھیک کرتی ہے، جب تک سیلاب زدگان کو ان کے گھر میں دوبارہ بسا نہیں لیں گے سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ مکرم خان کو اے سی جلالپور پیر والا مقرر کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ میں حالات قابو میں ہیں، ٹیکنیکل کمیٹی نے ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ کو بچانےکے لیے کہیں شگاف ڈالنےکا فیصلہ نہیں کیا۔
مزید پڑھیں۔نازیبا وڈیوز وائرل کیس، دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مؤخر