پشاور(اے بی این نیوز) پاکستانی سکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے حاضر سروس افسر میجر دل بہار سنگھ کو پشاور کے نواحی علاقے سے گرفتار کرلیا۔
انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق میجر دل بہار سنگھ ’داؤد شاہ‘ کے نام سے ایک مسجد کے امام کے طور پر سرگرم تھا اور پاکستان میں جاسوسی اور تخریب کاری کے نیٹ ورک کا حصہ تھا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی خفیہ اداروں نے کئی ہفتوں تک انتہائی کڑی نگرانی کی اور فجر کی نماز کے دوران خفیہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ میجر دل بہار سنگھ حساس ملٹری اور انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے مشن پر تھے تاکہ پاکستان میں اندرونی انتشار اور بدامنی پھیلائی جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی متعدد بھارتی ایجنٹوں کو گرفتار کر چکا ہے۔ اس کی سب سے نمایاں مثال کلبھوشن یادیو کی ہے جسے مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: جن ورکرز کو سزائیں دی گئی ہیں انکے گھروں میں کھانے کیلئے کچھ بھی نہیں، شیخ رشید