اہم خبریں

7 سال سے لاپتا شوہر کو پہلی بیوی نے انسٹا ریلز پر دوسری بیوی کے ساتھ پکڑ لیا

بھارت(اے بی این نیوز)بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں غیر معمولی واقعہ پیش آیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے کچھ عرصہ بعد لاپتا ہونے والا شوہر انسٹاگرام ریلز کے ذریعے دوسری خاتون کے ساتھ پکڑا گیا۔

رپورٹس کے مطابق جتیندر کمار کی 2017 میں مران نگر کی خاتون شیلو کے ساتھ شادی ہوئی، شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، جتیندر کے گھر والے اور وہ خود اپنی بیوی کو جہیز کے لیے ہراساں کرتا رہا، وہ سونے کی چین اور دیگر سامان کا مطالبہ کررہا تھا، اسی دوران جتیندر اچانک لاپتا ہوگیا، اپریل 2018 میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی گئی اور کافی تلاش کیا گیا مگر اس کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔

اس دوران جتیندر کے اہلخانہ نے شیلو کے خاندان پر اس کے قتل کا الزام بھی لگایا اور شیلو اپنے بیٹے کے ساتھ میکے میں رہنے پر مجبور ہوگئی مگر چند روز قبل قسمت نے حیرت انگیز موڑ لیا۔

جتیندر کی بیوی شیلو انسٹاگرام استعمال کررہی تھی کہ اس دوران اسے ایک ریل میں اس کا شوہر کسی دوسری عورت کے ساتھ لدھیانہ میں دکھائی دیا۔

شیلو نے دعویٰ کیا کہ جتیندر نے دوسری شادی کر لی ہے اور اسی عورت کے ساتھ رہ رہا ہے، جتیندر کے اہلخانہ کو بھی سب علم تھا لیکن انہوں نے کچھ ظاہر نہیں کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کے ایک سال بعد جتیندر بغیر اطلاع کے گھر سے نکل گیا تھا اور گمشدگی کی ایف آئی آر بھی درج ہوئی تھی، اب شیلو نے شوہر کی موجودگی کی تصدیق کے بعد پولیس کو نئی درخواست دی ہے، پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔

مزید پڑھیں۔شام نے 14 سالوں میں پہلی بار خام تیل کی کھیپ برآمد کردی

متعلقہ خبریں