اہم خبریں

پنجاب میں سیلاب: ملتان سے 8 لاکھ کیوسک پانی آج گزرےگا، لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی کیفیت برقرار ہے، مزید لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا جبکہ کچھ مقامات پر پانی کے بہاؤ میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔

دریائے چناب میں ہیڈ تریموں پر بہت اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، پانی کا بہاؤ 5 لاکھ41 ہزار کیوسک ہو گیا جبکہ چناب میں ہیڈ مرالہ پرپانی کی آمد کم ہوئی ہے اور بہاؤ کم ہو کر 96 ہزار کیوسک پر آ گیا۔

ڈی جی پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ چناب میں پانی کا ریلا ہیڈ تریموں سے ملتان ہیڈ محمد والا کی طرف جارہا ہے، ملتان کی حدود سے 8 لاکھ کیوسک پانی آج گزرے گا، ہیڈ سدھنائی بچانے کے لیے آج کسی بھی وقت مائی صفوراں بند توڑا جا سکتا ہے۔

کمشنر ملتان کے مطابق 4 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، مظفر گڑھ بھی سیلاب کی زد میں ہے جہاں رنگ پور کی14 بستیاں پانی میں ڈوب گئيں۔ دریائے چناب کے قریب بستیوں کے مکین بھی سیلاب سے پریشان ہیں، انہوں نے شکوہ کیا کہ ان سے اب تک حکومتی اہل کاروں نے رابطہ نہیں کیا۔

ملتان کے ریلیف کیمپس میں وبائی امراض کی اطلاعات بھی موصول ہونے لگیں جہاں چھوٹے بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے، اس حوالے سے انتطامیہ کا کہنا ہےکہ متاثرین کو امدادی سامان فراہم کیا جا ر ہا ہے۔

ادھر دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر بھی بہت اونچےدرجے کا سیلاب ہے جہاں بہاؤ بڑھ کر ایک لاکھ5 ہزار کیوسک کے قریب ہو گیا جبکہ ہیڈ بلوکی پر پانی کے بہاؤ میں کمی ہوئی جہاں بہاؤ ایک لاکھ48 ہزارپر آگیا مگر اب بھی بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائےستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام سے ڈیٹا موصول نہیں ہو سکا تاہم ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں بہاؤ ایک لاکھ 24 ہزار کیوسک رکارڈ کیاگیا، ہیڈ اسلام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ میں بھی گڈو ،سکھر اور کوٹری پر نچلے درجےکے سیلاب بر قرار ہیں۔

متعلقہ خبریں