نارووال (زبیرقصوری) پنجاب میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد حکومت پاکستان اور مسلح افواج نے فوری اور مربوط اقدامات شروع کر دیے ہیں، جن کا سب سے اہم ہدف تاریخی اور مقدس گردوارہ دربار صاحب کرتارپورکی بحالی ہے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کی براہِ راست نگرانی میں بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت گردوارے کے صحن سے پانی نکالنے کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ یہ صحن تقریباً 12 سے 15 فٹ پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔ ابتدائی مرحلے میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو ٹیموں نے پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے بعد صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور تین سے چار دن میں گردوارہ اپنی اصل روحانی و ثقافتی خوبصورتی کے ساتھ دوبارہ آباد ہو جائے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سیالکوٹ، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں متاثرہ علاقوں کی صورتحال، جاری ریلیف سرگرمیوں اور آئندہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل منیر نے فوج اور سول انتظامیہ کی ہم آہنگ اور انتھک کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ریلیف آپریشنز مثالی انداز میں جاری ہیں۔
آرمی چیف نے متاثرہ سکھ برادری سے ملاقات بھی کی اور یقین دہانی کرائی کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات، خصوصاً گردوارہ دربار صاحب، کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور پاکستان اس فرض کو ہر حال میں پورا کرے گا۔
سکھ برادری نے آرمی چیف کا پُرتپاک استقبال کیا اور حکومت و افواجِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ قدرتی آفت کے اس مشکل وقت میں انہیں فوری سہارا اور عملی مدد فراہم کی گئی۔
مزید پڑھیں :پنشن میں اضافہ ،30 ہزار سے زائد ماہانہ وصولی،جا نئے تفصیلات