امریکا(نیوز ڈیسک)امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منیپولس میں ایک کیتھولک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 3 بچے جان سے گئے اور20 کے قریب زخمی ہوگئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 15 بچوں کو مختلف اسپتالوں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
فائرنگ کا واقعہ ایننسی ایشن چرچ میں پیش آیا جہاں ایک گرامر اسکول بھی قائم ہے۔ مقامی حکام کے مطابق حملہ آور کو قابو کرلیا گیا ہے اور شہریوں کے لیے کسی مزید خطرے کی اطلاع نہیں ہے۔ متاثرہ بچوں کے والدین کے لیے ری یونفیکیشن زون قائم کردیا گیا ہے۔
گورنر منی سوٹا ٹم والز نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے بچوں اور اساتذہ کے تعلیمی سال کے آغاز کو اس خوفناک واقعے نے داغدار کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بریفنگ دے دی گئی ہے اور ایف بی آئی جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ متاثرہ بچوں، والدین اور اساتذہ کے لیے دعا کریں۔
مزید پڑھیں۔سیلاب کی تباہ کاریاں ، چھٹیوں میں مزید توسیع متوقع