اسلام آباد(اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے 27 سے 31 اگست تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
مری، وادی نیلم، ناران اور کاغان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سوات، مالم جبہ، دیر اور چترال میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے دوران پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو بارش کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب دریائے راوی کے بالائی علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈیم تھانے اپنی گنجائش کا 97 فیصد بھر چکا ہے۔
بھارتی ڈیم تھانے کے سپل ویز کسی بھی وقت کھولے جا سکتے ہیں، بھارتی ڈیم سے پانی کے ممکنہ اخراج سے دریائے راوی میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
بین، بسنتر اور ڈیک سمیت پیر پنجال رینج کے نالوں میں بھی اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ دریائے راوی کا بہاؤ جسر کے مقام پر 115,000 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، ممکنہ طور پر آئندہ 24 گھنٹوں میں 150,000 کیوسک تک آنے کا امکان ہے۔
شاہدرہ کے مقام پر راوی کا بہاؤ 50 ہزار 150 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اگر تھانے ڈیم کے سپل ویز کو کھول دیا جائے تو 90 ہزار کیوسک تک پانی کی آمد متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شہری دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، متعلقہ اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:سروس کے دوران انتقال اور ریٹائرمنٹ پر پلاٹ دیے جائیں گے، بل منظور