لاہور(نیوزڈیسک)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کے پاس وزیراعظم سے زیادہ اختیارات ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اسمبلیاں کچھ دیر اور چلیں تاہم جو ہم انہیں کہیں گے وہ اس پر عمل کرینگے، ملک بچانے کیلئے انتخابات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں تجزیہ کاروں سے ملاقات میں کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، پاکستان کے تمام چور اکٹھے ہوچکے ہیں، موجودہ حکومت نے 1100 ارب روپے کا دوسرا این آر او لے لیا، معاشی تباہی سے بچنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں ہی اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی، چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہوں، اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے جو فیصلہ ہوا چوہدری پرویز الٰہی اس کی مکمل تائید کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ مسلح افواج کے نئے سربراہ نے خود کو غیر جانبدار رکھنے کا کہا ہے، ان کے اقدامات سے دیکھیں گے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا قانون ختم ہونا چاہئے۔