لاہور(اے بی این نیوز)لاہور سے خبر ہے کہ یونیورسٹی آف لاہور کے شعبہ علومِ اسلامیہ کے زیراہتمام ایک عظیم الشان علمی سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ملک بھر کی پندرہ جامعات کے ممتاز اساتذہ، محققین اور اہلِ علم نے شرکت کی۔
اس علمی و تحقیقی نشست کا موضوع تھا: شعائر اللہ کی عظمت و حرمت کی عصری معنویت۔تقریب کی صدارت شعبہ علومِ اسلامیہ کے سربراہ ڈاکٹر نصیر اختر نے کی، جبکہ ڈاکٹر حافظ انس نظر مدنی اور ڈاکٹر عقیل نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے۔قائدِ پنجاب ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن زاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ شعائر اللہ محض عبادات کی علامتیں نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور امت مسلمہ کی پہچان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے احترام اور حرمت کو قائم رکھنا دینی و تہذیبی بقا کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب میں ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر سعیداختر، ڈاکٹر شبیر، ڈاکٹر پروفیسر نواز الحسنی پروفیسر حافظ محمد کوثر زمان، ڈاکٹر عتیق الرحمن شہزاد، ڈاکٹر حافظ ابوبکر عثمان، ڈاکٹر ادریس اور عبید الرحمن شفیق سمیت کئی جید اہلِ علم شریک ہوئے۔
تقریب کا سب سے نمایاں پہلو پروفیسر قیصر احمد راجہ کی گفتگو رہی۔ شرکاء نے زیادہ تر سوالات انہی سے کیے اور ان کے مدلل اور عالمانہ جوابات نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔یونیورسٹی آف لاہور میں ہونے والا یہ سمپوزیم علمی اور فکری حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب کے کالجز کی میرٹ لسٹیں ویب سائٹس پر اپلوڈ ہوگئیں