گریٹر نوئیڈا (اے بی این نیوز)بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں جہیز نہ لانے پر خاتون کو زندہ جلادیا گیا، پولیس نے اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سسرالیوں نے تشدد کے بعد خاتون کو آگ لگا دی، متاثرہ خاتون کی شناخت نکی کے نام سے ہوئی ہے۔
نکی کی بڑی بہن کنچن، جو اسی گھر میں شادی ہو کر آئی تھی کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کو جہیز کےلئے مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور سسرال والوں نے 36 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔کنچن نے بتایا کہ نکی کی شادی 2016 میں سرسا گاؤں کے ایک خاندان میں ہوئی تھی اور صرف 6 ماہ بعد ہی جہیز کےلئے ظلم و ستم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
جمعرات کی رات نکی کو بہیمانہ تشدد کے بعد اس کے بچے کے سامنے آگ لگا دی گئی۔نکی کی بہن کا کہنا ہے کہ کئی برسوں تک ہم پر ظلم ہوتا رہا، سسرالی کہتے تھے کہ شادی میں یہ چیز نہیں ملی وہ نہیں ملی، ہم سے 36 لاکھ روپے مانگتے تھے، جمعرات کو مجھے بھی کئی گھنٹے مارا پیٹا گیا اور کہا گیا کہ تم مرو گی تو اچھا ہے، ہم دوسری شادی کر لیں گے۔
اسی شام میری بہن کو بچوں کے سامنے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔ میں نے اسے بچانے کی کوشش کی مگر میں بھی بے ہوش ہوگئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں اسپتال سے اطلاع ملی کہ ایک خاتون کو جلی ہوئی حالت میں لایا گیا ہے، جس کی بڑے اسپتال میں منتقل کرنے کے دوران موت ہوگئی، واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں خاتون کے سسر، ساس اور دیور کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ملزمان کی تلاش جاری ہے۔