اہم خبریں

خیبرپختونخوا ، سیلاب سے 493کلومیٹر سڑکیں اور 32پل بہہ گئے،نقصان کی تفصیلات جاری

پشاور (اے بی این نیوز )خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مواصلاتی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات نے 15 اگست سے 22 اگست تک نقصانات کی رپورٹ جاری کی جس کے مطابق صوبے میں سیلاب کے باعث 336 مقامات پر 331 سڑکوں کو نقصان پہنچا، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 493 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوئیں جن میں سے 57 سڑکیں تاحال بند ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سڑکوں کی بحالی پر 9 ارب 45 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، 229 سڑکوں کو جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے اور 50 سڑکوں کو مکمل طور پر بحال کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سوات میں 80 مقامات پر 79 سڑکیں سب سے زیادہ متاثر ہیں، سوات میں 43 کلو میٹر سڑکیں سیلاب میں بہہ گئیں، 3 سڑکیں مکمل جبکہ 75 کو جزوی طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا، 2 سڑکیں تاحال بند ہیں۔ سوات میں سڑکوں کی بحالی پر 450 ملین روپے سے زائد خرچ کیے جائیں گے۔

دوسری جانب بونیر میں 43 سڑکیں متاثر ہوئیں جن میں سے 39 سڑکوں کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے جبکہ 4 سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں

صوابی میں بھی 41 سڑکیں خستہ حال ہیں، 32 سڑکیں تاحال بحال نہیں ہو سکیں۔ صوابی میں سڑکوں کی بحالی پر 2.76 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات محمد اسرار نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بونیر، صوابی اور دیگر اضلاع میں شدید بارشوں اور سیلاب سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔

محمد اسرار کا کہنا تھا کہ 15 اگست کو محکمہ خزانہ نے 1.5 ارب روپے جاری کرنے کا کہا تھا، اگلے روز 700 ملین روپے جاری کیے گئے، جس میں سے 400 ملین روپے مالاکنڈ اور 100 ملین روپے ہزارہ ریجن کو، 200 ملین روپے پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کو جاری کیے گئے، اور بڑی مشینوں سے سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم نے انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کرلیا

متعلقہ خبریں