اسلام آباد(اے بی این نیوز)تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے وکیل رانا مدثر نے دعویٰ کیا ہے کہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے شاہ ریز خان کو 9 مئی 2023 کو جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں8 روز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
لاہور پولیس نے گزشتہ روز زمان پارک سے گرفتار ملزم شاہ ریز خان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور ایک ماہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔لاہور ملزم شاہریز خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے جسمانی ریمانڈ دینے کی مخالفت کی تھی، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے پولیس کی ایک ماہ کا ریمانڈ دینے کی استدعا مستر د کرتے ہوئے شاہ ریز خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔واضح رہے کہ علیمہ خان نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ 4 مسلح افراد نے ان کے بیٹے شاہ ریز کو اغوا کرلیا ہے۔
بعدازاں پولیس نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی تھی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہریز کو 9 مئی 2023 کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، علیمہ خان کے وکیل رانا مدثر نے دعویٰ کیا ہے کہ کا علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، علیمہ خان کا دوسرا بیٹا آج اپنے بھائی کی پیشی کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت آیا تھا۔وکیل رانا مدثر نے بتایا کہ پیشی سے واپسی پر اسے بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی موبائل کمپنیوں کی مدد سے افغان سمز کو سگنل ملنے کا انکشاف