اسلام آباد (اے بی این نیوز )محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 23 سے 27 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں 22 اگست سے بالائی علاقوں میں شدت کے ساتھ داخل ہوں گی جو بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ملک میں داخل ہوں گی۔
بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے۔پیشگوئی کے مطابق 23 سے 27 اگست تک اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور سرگودھا میں بارشیں ہوں گی، اس کے ساتھ ساتھ خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور باجوڑ میں 23 سے 26 اگست تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔اسی طرح 23 سے 26 اگست تک گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
کوئٹہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، خضدار، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پنجگور اور کیچ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 23 سے 25 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں 23 سے 25 اگست تک بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، دادو، جیکب آباد اور جامشورو میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی دوران بھکر، لیہ، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں :ضمانت کا مطلب فیصلہ نہیں، صرف ٹرائل کے دوران رہائی ہے،عطاتارڑ