تتہ پانی(اے بی این نیوز ) تتہ پانی کے علاقے سرل میں اس وقت خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی جب ایک تیندوا اچانک دیہی آبادی میں داخل ہو گیا۔ مقامی افراد کے مطابق جنگلی جانور نے ایک غریب شہری کی تین قیمتی بکریوں کو مار ڈالا جس کے باعث گاؤں کے لوگ شدید پریشانی اور خوف میں مبتلا ہیں۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو انسانی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ کوٹلی اور محکمہ وائلڈ لائف سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔ مقامی رہائشیوں نے کہا کہ جنگلی جانوروں کے بار بار دیہات میں داخل ہونے کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں اور حکام کو اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے دیہاتی سکون اور تحفظ کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔
مزید پڑھیں :کوئٹہ میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع