اسلام آباد (اے بی این نیوز ) پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے اس سلسلے میں واضح حکمت عملی مرتب کر لی ہے جس کے تحت نااہل ہونے والے ارکان کے خاندان کو ٹکٹ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حکمت عملی میں پہلی ترجیح ان ارکان کی بیویوں کو دی جائے گی تاکہ عوامی نمائندگی کے تسلسل کے ساتھ ساتھ پارٹی کا ووٹ بینک بھی محفوظ رہے۔
اگر کسی رکن کے اہل خانہ ٹکٹ میں دلچسپی نہ لیں تو ایسے میں وہ خود کسی شخص کو نامزد کر سکیں گے اور اسے پارٹی ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔ تاہم اگر کسی رکن کی جانب سے نامزدگی نہ کی گئی تو حتمی فیصلہ پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی کرے گی جو امیدواروں کی فہرست مرتب کر کے بانی تحریک انصاف کو بھجوائے گی۔ بانی تحریک انصاف کی منظوری کے بعد ہی ٹکٹوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف پارٹی کے اندر مضبوطی کے لیے اہم ہے بلکہ سیاسی میدان میں پی ٹی آئی کو فعال رکھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔ پارٹی کی کوشش ہے کہ ضمنی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے کر اپنے ووٹرز کو یہ پیغام دیا جائے کہ تحریک انصاف کسی دباؤ یا رکاوٹ کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں :وزیراعظم شہبازشریف اورفیلڈ مارشل سیدعاصم منیرکاسیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ