کراچی ( اے بی این نیوز ) سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی میں کل تمام اسکول بند رہیں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر طلبہ کی حفاظت اور ان کے لیے سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سے کراچی میں جاری بارشوں نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔ اس صورتحال میں طلبہ اور والدین کو مشکلات سے بچانے کے لیے محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی ادارے ایک دن کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے، اسی لیے اسکولوں کی بندش ناگزیر ہو گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں تاکہ حالات کو معمول پر لایا جا سکے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس فیصلے کا مقصد صرف اور صرف عوام اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں :FBISE نے 9ویں اور 10ویں کلاس کی ڈیٹ شیٹ جاری کر دی،جا نئے امتحانات کب شروع ہو نگے