لاہور ( اے بی این نیوز )لاہور ایئرپورٹ پر ائیر بلو کے خلاف مسافروں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے۔ احتجاج کی وجہ مسلسل پروازوں کی منسوخی اور تاخیر ہے جس سے مسافر شدید مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق ائیر بلو کی کراچی جانے والی پرواز پی اے 401 کو گزشتہ روز سے تین مرتبہ منسوخ کیا گیا۔ یہ پرواز کل صبح لاہور سے کراچی روانہ ہونا تھی تاہم طیارے کے پر میں پرندہ ٹکرانے سے سوراخ ہونے کے باعث اسے مسلسل ملتوی کیا جا رہا ہے۔
مسافروں نے شکایت کی کہ پی اے 401 کے لیے انہیں بار بار ایئرپورٹ بلایا جاتا ہے اور ہر بار روانگی کے قریب فلائٹ کینسل کر دی جاتی ہے۔ اس صورتحال پر مسافر سراپا احتجاج ہیں اور انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
صرف کراچی جانے والی پرواز ہی نہیں بلکہ شارجہ جانے والی پرواز پی اے 412 کو بھی اچانک منسوخ کر دیا گیا جبکہ سکردو جانے والی پرواز پی اے 481 پانچ گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئی۔ اس بدانتظامی نے ایئر بلو کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ ائیر بلو کی پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث دیگر ایئرلائنز نے اپنے کرایوں میں دگنا اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ناقص حکمت عملی اور بروقت انتظام نہ کرنے کی وجہ سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
یہ صورتحال اس وقت ٹریول انڈسٹری اور فضائی سفر کے مسافروں کے لیے سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے اور ایوی ایشن حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں :الرٹ نیوز،منکی پاکس اسلام آباد پہنچ گیا،مریض ہسپتال سے فرار