اہم خبریں

خیبرپختونخوا میں اموات کی تعداد 341 ہوگئی، صرف بونیر میں 222 افراد جاں بحق

پشاور(اے بی این نیوز)خیبر پختونخوا میں تباہ کن سیلاب کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 341 تک پہنچ گئی جب کہ صوبائی حکومت نے پیر کے روز تمام متاثرہ اضلاع کے لیے 80 کروڑ روپے کے امدادی فنڈز جاری کردیے جب کہ شدید متاثرہ ضلع بونیر کے لیے اضافی 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کی جانب سے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں اب تک ہونے والے جانی ومالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ میں ہونے والی بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 341 افراد جاں بحق اور 178 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 292 مرد، 28 خواتین اور 21 بچے شامل جب کہ زخمیوں میں 144 مرد، 24 خواتین اور 10 بچے شامل ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 420 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 281 گھروں کو جزوی اور 139 گھر مکمل منہدم ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 222 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ کل ہونی والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک ضلع صوابی میں 11 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہیں۔

مزید کہا گیا کہ یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ , دیر لویر اور بٹگرام، صوابی میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے 17 سے 19 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کو 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی فراہمی مکمل کرلی گئی ہے، امدادی سامان میں ٹینٹس، میٹرسز، بستر، کچن سیٹس، ترپال، چٹائیاں، مچھر دانیاں، جنریٹرز اور دیگر روزمرہ زندگی کی اشیا شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں