ماسکو(اے بی این نیوز) 2017 میں نائب مس روس منتخب ہونے والی اور اسی سال مس یونیورس مقابلے میں روس کی نمائندگی کرنے والی ماڈل کسینیا ایلکزینڈروا ایک سنگین کار حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد چل بسیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کسینیا روس کے علاقے تویراوبلاست میں اپنے شوہر ایلیا کے ساتھ سفر کر رہی تھیں کہ اچانک ان کی گاڑی کے سامنے ایک بارہ سنگھا آ گیا۔ اس جانور کے ٹکرانے سے گاڑی کی ونڈشیلڈ ٹوٹ گئی اور کسینیا کو شدید چوٹیں آئیں۔
حادثے کے فوراً بعد انہیں قریبی ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا جہاں وہ ایک ماہ تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد چل بسیں ہیں۔ حادثے کے وقت کسینیا گاڑی کی مسافر سیٹ پر بیٹھی تھیں جبکہ ان کے شوہر کو کوئی خاص چوٹ نہیں پہنچی۔
کسینیا کو سرپرشدید زخم آئے اور ان کی کھوپڑی کا کچھ حصہ بھی ٹوٹ گیا تھا۔ ماڈلنگ کے علاوہ، کسینیا ایلکزینڈروا نے ذہنی صحت کے شعبے میں بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 2016 میں روسی یونیورسٹی آف اکنامکس سے فنانس میں ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں ماسکو اسٹیٹ پیڈاگوگی کال یونیورسٹی سے نفسیات کی تعلیم حاصل کی۔ وہ بطور تھراپسٹ کام کر رہی تھیں اور انسٹاگرام پر ذہنی صحت سے متعلق معلومات بھی شیئر کرتی رہیں۔
مزید پڑھیں: وادی نیلم میں سیاحوں کو لیکر جانیوالی گاڑی کھائی میں جاگری ،5 افراد جاں بحق