لاہور ( اے بی این نیوز ) ضلع قصور میں عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کا 268واں سالانہ عرس 22 اگست سے شروع ہوگا جو تین روز تک جاری رہے گا۔ عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مند بڑی تعداد میں شرکت کریں گے، جہاں محافل نعت، قوالی اور صوفیانہ کلام کی محفلیں سجائی جائیں گی۔
ضلعی حکومت قصور نے عرس کے موقع پر سہولت کے پیش نظر 23 اگست کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تعطیل کے باعث سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین بلا خوف و خطر عرس کی سرگرمیوں میں شریک ہو سکیں۔
حضرت بابا بلھے شاہ کا کلام اور تعلیمات امن، محبت اور رواداری کا پیغام ہیں اور ان کے عرس کے موقع پر نہ صرف قصور بلکہ پورے ملک میں روحانی محافل کا انعقاد عقیدت و احترام کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں :صارفین کیلئےمفت آن نیٹ وائس کالز کا سسٹم متعارف کرا دیا گیا،جا نئے تفصیلات