اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملک بھر میں جاری شدید بارشوں اور تباہ کن سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں حالیہ قدرتی آفات سے پیدا ہونے والے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کچھ ہی دیر میں وزیر اعظم کو تازہ ترین صورت حال اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دیں گے۔
حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں ریکارڈ توڑ بارشوں اور طوفانی سیلابوں نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور درجنوں انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی صورتحال موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے، جس سے آئندہ دنوں میں مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کی فراہمی اور بحالی کے اقدامات جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری سہارا مل سکے۔
مزید پڑھیں :انڈے ،چکن ،چینی،پیاز،لہسن،چائے کی پتی،مٹن ،خشک دودھ،صابن، بیف سمیت جا نئے اور کیا کیا مہنگا ہوا