کراچی (اے بی این نیوز) سندھ بورڈ آف فلم سینسر نے پاکستان میں بھارتی فلم پٹھان کی غیر قانونی نمائش روک دی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے کے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی میں بھارتی فلم پٹھان کی غیر قانونی نمائش سے متعلق اطلاع کے بعد سندھ بورڈ آف فلم سینسر نے ان سوشل میڈیا پیجز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جو فلم کی عوامی نمائش کا اہتمام کرکے ٹکٹ فروخت کررہے تھے۔سندھ بورڈ آف فلم سینسر کے مطابق ایسی فلمیں جنہیں بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر اجازت نامہ جاری کیا گیا ہو صرف ان فلموں کو عوامی یا نجی طورپر دکھانے کی اجازت ہے۔بورڈ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فرد کسی بھی فلم کی عوامی یا پرائیوٹ سطح پرعام نمائش کا اہتمام کرنے کا حق نہیں رکھتا جب تک کسی فلم کو عوامی نمائش کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ جاری نہ کیا گیا ہو۔قانون کے مطابق آئینی دفعات کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سزا دی جائے گی اور غیر قانونی نمائش کی صورت میں 3 سال قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں۔
