اسلام آباد (اے بی این نیوز ) آزادی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان کا بیان،ترجمان نے کہا کہ
پاکستان کی حقیقی آزادی کی بنیاد رکھنے والے قائد عمران خان کی کال پر، پاکستان تحریک انصاف 14 اگست کو یومِ آزادی کا جشن بھرپور طریقے سے منائے گی۔
14 اگست کا دن ہمارے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے جس دن جب ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دے کر انگریز کی غلامی سے نجات حاصل کی۔
یہ دن جہاں ہمیں بانیانِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، وہیں ہمیں حقیقی آزادی کی جدوجہد کی اہمیت بھی سمجھاتا ہے۔
بدقسمتی سے آج ہمیں وہ سیاسی و شخصی آزادیاں حاصل نہیں جوآئین میں درج ہیں۔
ہم 14 اگست کو ملک میں رائج غیر جمہوری اور فسطائی نظام کے خلاف اور تمام قسم کی آزادیوں کیلئے آواز بلند کریں گے جن سے یہ قوم محروم ہے۔
بانی چیئرمین عمران خان صاحب، جنہیں آج جھوٹے مقدمات میں قید کر دیا گیا ہے، انہوں نے ہمیشہ حقیقی آزادی کا علم بلند رکھا ہے۔
اس وقت جب وہ جیل کی کال کوٹھڑی میں قید ہیں، ان کا وژن اور ان کی جرات و بہادری نہ صرف ان کے کارکنوں بلکہ قوم کے لیے بھی ایک مسلسل حوصلے کا باعث ہے۔
ان کا وژن ایک فلاحی ریاست کا ہے، جہاں انصاف، قانون کی بالادستی اور مساوات ہو، اور یہی وہ بنیاد ہے جو لوگوں کو ان کے ساتھ کھڑا ہونے کا جذبہ دیتی ہے۔
ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایک ایسی فلاحی ریاست بنائیں گے جس کا خواب قائدِاعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔
ایک ایسا پاکستان جہاں آئین کی بالادستی ہو، قانون سب کے لیے برابر ہو اور ہر شہری کو انصاف میسر ہو۔
اس سال 14 اگست کو ہم جشن آزادی چیئرمین عمران خان کے دیے گئے حقیقی آزادی کے فلسفے کے مطابق بھرپور انداز میں منائیں گے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی ہدایت پر پاکستان کے شہری، پاکستان اورپی ٹی آئی کے پرچم، اور ناحق قید عمران خان کی تصاویر اٹھا کر حقیقی آزادی کی امید لیے پُرامن طور پر باہر نکلیں گے۔
یہ پاکستان کی سڑکوں پر ایک خاموش اور پُرامن احتجاج نہیں بلکہ ایک جشن ہو گا۔ یہ اپنے وجود، اپنی آواز اور اپنے حقوق کو منوانے کا جشن ہے۔
پی ٹی آئی کا ہر کارکن، ہر حامی، اور ہر پاکستانی جو عمران خان کے وژن پر یقین رکھتا ہے، اس وقت حقیقی آزادی کا سپاہی ہے۔
ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جب تک ہمیں آئین کے مطابق آزادی، انصاف اور بنیادی حقوق حاصل نہیں ہوتے، ہماری یہ جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان زندہ باد!