اہم خبریں

انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا

لاہور(نیوز ڈیسک)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

اے ٹی سی لاہور نے9 مئی کے 2 کیسز میں شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ملزم کی رہائی کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مراسلے میں کہاگیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے مراسلہ جاری کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمات کا فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔

جس میں عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مزید 2 مقدمات میں بری کردیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

یاد رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا، اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا اور راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔ جس کے بعد لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں۔راولپنڈی میں ڈینگی کی شدت میں اضافہ۔ 58 نئے کیسز کی تصدیق

متعلقہ خبریں