اہم خبریں

چینی بحران شدت اختیار کر گیا،مارکیٹ سے چینی غائب،عوام پریشان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت میں چینی کا بحران ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عام مارکیٹوں میں چینی دستیاب ہی نہیں اور اگر کہیں مل بھی جائے تو انتہائی مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے۔ سستے بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی کئی دکانوں سے چینی غائب ہو چکی ہے، جس سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سروے کے دوران لوگوں نے شکایت کی کہ حکومت کی جانب سے چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں۔ ایک شہری نے کہا، “ہم صبح سویرے یوٹیلیٹی اسٹور پر لائن میں لگتے ہیں، لیکن وہاں بھی چینی کی محدود مقدار دستیاب ہوتی ہے، اکثر لوگ خالی ہاتھ واپس لوٹ جاتے ہیں۔”

تاجروں کے مطابق چینی کی سپلائی کم ہونے کی وجہ سے قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی کے ریٹ روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہو رہے ہیں۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو آنے والے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے چینی کے ذخائر کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ البتہ تاحال کسی واضح ریلیف کا اعلان سامنے نہیں آیا، جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں :راول ڈیم کے سپل ویز پھر کھول دیئے گئے

متعلقہ خبریں