لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور کے اہم حلقے این اے 129 میں ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی میدان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس نشست پر سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
واضح رہے کہ اس حلقے کی نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، جس پر ضمنی الیکشن کے شیڈول کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے طے کیا ہے کہ اگر کسی قانونی پیچیدگی یا رکاوٹ کا سامنا ہوا تو حماد اظہر کی جگہ ان کی فیملی سے ہی متبادل امیدوار سامنے لایا جائے گا، تاہم پارٹی قیادت کی پہلی ترجیح حماد اظہر ہی ہوں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں میاں نعمان، رانا مشہود اور مہر اشتیاق جیسے اہم رہنماؤں نے بھی لابنگ شروع کر دی ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے کسی مضبوط امیدوار کو میدان میں اتارنے کیلئے مشاورت جاری ہے تاکہ اس اہم حلقے پر کامیابی حاصل کی جا سکے۔
خیال رہے کہ دونوں جماعتیں الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول کے اعلان کے بعد اپنے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کریں گی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق این اے 129 کا ضمنی انتخاب لاہور کی سیاست کا رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:جرمنی جانے والوں کے لیےبڑی خوشخبری