اہم خبریں

پی ٹی آئی کے چھ کارکنان کی سزائیں معطل ،متعدد قائدین کے وارنٹ جاری

اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کے خلاف احتجاجی مقدمات کی سماعتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کئی اہم فیصلے اور قانونی موڑ دیکھنے کو ملے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں احتجاجی مقدمات نمبر 976 اور 977 میں جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے پی ٹی آئی کے چھ کارکنان کی پاپو ایکٹ کے تحت چھ، چھ ماہ قید کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے 20، 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں۔دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف احتجاج کے مقدمات کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔ پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر بھی ٹرائل کی عدالتی نظیر موجود ہے، جبکہ وکیل صفائی نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ ان کی غیرموجودگی میں ٹرائل ممکن نہیں۔ عدالت نے سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی۔اسی عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں غیر حاضر ملزمان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔

ساتھ ہی ان کے ضمانتیوں کو نوٹسز اور ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے۔ اس مقدمے کی سماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔انسداد دہشتگردی عدالت میں ایک اور اہم مقدمہ 26 نومبر کے احتجاج میں رینجرز اہلکاروں کو گاڑی تلے کچلنے کے حوالے سے بھی زیرسماعت رہا۔

کیس کے مرکزی ملزم ہاشم عباسی نے ٹرائل رکوانے کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔ عدالت نے درخواست پر دلائل آئندہ سماعت پر سننے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی۔یہ مقدمات تھانہ سنگجانی، سیکرٹریٹ اور رمنا میں درج کیے گئے تھے، جن میں بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور اور دیگر قیادت و کارکنان نامزد ہیں۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں منتخب 5 آزاد سینیٹرز نے باقاعدہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرلیا

متعلقہ خبریں