سکردو(اے بی این نیوز) سکردو دیوسائی روڈ پر کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارش کے باعث کئی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ مختلف مقامات پرسڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئیں جس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر سڑک مکمل طور پر بلاک ہو گئیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تقریباً چالیس سے پچاس گاڑیاں مسافروں اور سیاح سمیت پھنس چکے ہیں۔
صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر پاک فوج نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغازکردیا ۔ دشوار گزار اور دور دراز علاقوں کے باوجود، پاک فوج کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف سڑک کی بحالی کے کام کا آغاز کیا بلکہ پھنسے ہوئے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل بھی کیا۔
ریسکیو مشن کے دوران پاک فوج کی ٹیموں نے نہایت جانفشانی اور مستعدی کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں روڈ کلیئرنس، ٹریک کی مرمت، اور ضروری طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
بھاری مشینری، طبی ٹیمیں، کھانے پینے کا سامان اور خیمہ جات فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچا دیئے گئے تاکہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
پاک فوج کا یہ اقدام ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم کے محافظ ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت اور مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
پاک فوج نے فوری ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ رات بھر کی انتھک کوششوں کے بعد پاک فوج کی انجینئرنگ ٹیموں نے بھاری مشینری کے ذریعے سکردو سے سدپارہ ماؤنٹینیئرنگ اسکول اور دیوسائی سے سدپارہ گاؤں تک سڑک مکمل کلیئر کر دی۔
تمام بند راستے کھول دیے گئے ہیں اور تمام پھنسے ہوئے افراد اور گاڑیاں محفوظ طریقے سے نکال لی گئی ہیں۔ آمدورفت بحال ہو چکی ہے اور ٹریفک روانی سے جاری ہے۔
فوجی دستے اب بھی علاقے میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔مقامی افراد اور سیاحوں نے پاک فوج کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
طوفانی بارشیں، پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت بھی ٹپکنے لگی، بالٹیوں سے پانی روکنے کی کوشش، تصاویر وائرل