اسلام آباد (اے بی این نیوز)وزیراعظمنے بلوچستان میں خاتون اور مرد کے قتل کی شدید مذمت، تحقیقات کا حکم دیدیا۔ افسوسناک واقعہ پر شہباز شریف کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ، فوری اور شفاف تحقیقات کی ہدایت۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس افسوسناک واقعے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام قانونی اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو میں مسلح افراد کو نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور ایک مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دیکھا گیا۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے۔ شاہد رند کا کہنا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ عید الاضحی کے قریب پیش آیا، لاشیں تاحال برآمد نہیں ہوئیں، اس وقت علاقے میں سی ٹی ڈی اور پولیس موجود ہے۔
مزید پڑھیں :علی امین گنڈ اپور کیلئے آخری موقع