اہم خبریں

عمران خان جیل میں کسمپرسی کی حالت میں،کو ئی سہولیات نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

راولپنڈی (اے بی این نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں بنیادی انسانی سہولیات کی مسلسل عدم دستیابی پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ یہ قانونی اقدام اس وقت سامنے آیا جب جیل انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر عمران خان کو بنیادی سہولیات، جیسا کہ اخبارات، ٹی وی، ورزش کا سامان، ذاتی کپڑے، اور میڈیکل چیک اپ کی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

عمران خان نے اپنے وکلا، ظہیر عباس، عثمان گل، اور خالد یوسف کے توسط سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عدالتی احکامات کو مسلسل نظرانداز کر رہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو نہ صرف معلوماتی مواد سے محروم رکھا جا رہا ہے بلکہ ان کے ذاتی معالج سے معائنہ کروانے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی، جو کہ ایک سنگین قانونی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عمران خان کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جیل میں فوری طور پر ایک ایسا افسر تعینات کیا جائے جو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے اور ہر ہفتے اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ ساتھ ہی عدالت سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ جیل انتظامیہ کو یہ ہدایت دی جائے کہ وہ بجلی کی بلاجواز بندش بند کرے اور بیرونِ ملک مقیم ان کے بیٹوں سے رابطے کی اجازت دے، جیسا کہ عدالت پہلے ہی اس کی اجازت دے چکی ہے۔

عمران خان کے وکلا کا کہنا ہے کہ آئینی و انسانی حقوق کے تحت ہر قیدی کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے عدالت کی واضح ہدایات کے باوجود جیل انتظامیہ کی لاپرواہی نہ صرف توہینِ عدالت کے زمرے میں آتی ہے بلکہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں :دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں فلڈ الرٹ جاری

متعلقہ خبریں