اہم خبریں

کو ئٹہ سانحہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مقتولین بارے نیا انکشاف کر دیا، جا نئے ہو شربا معلومات

کو ئٹہ (  اے بی این نیوز    )وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مارے جانے والے افراد کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا، دونوں پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کے بچے بھی تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور لوگ اس کی اصل حقیقت جاننا چاہتے ہیں، سوشل میڈیا پر ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ مقتول ایک نو بیاہتا جوڑا تھا، تاہم وہ سب پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دونوں کا کوئی ازدواجی تعلق نہیں تھا۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کے پانچ بچے ہیں اور اس کے شوہر کا نام نور ہے جب کہ مقتول شخص بھی پہلے سے شادی شدہ تھا اور اس کے چھ بچے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق دونوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، جو کسی طور پر بھی ناقابل قبول ہے، نہ معاشرہ اس کی اجازت دیتا ہے اور نہ حکومت، حکومت ملزمان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں دکھائے گی۔

صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے، علاقے کے اسپیشل برانچ کے ڈی ایس پی کو معطل کیا گیا ہے، کیونکہ انہیں حکومت کو بروقت آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے میں سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ کوئی ایف آئی آر درج کرنے کو تیار نہیں، مقتولین کے والدین اور بچے موجود ہیں، لیکن ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، جب پولیس تفتیش کے لیے گئی تو علاقے سے مرد غائب ہیں، جب کہ خواتین گھروں سے نکل کر پولیس پر پتھراؤ کرتی ہیں۔

سرفراز بگٹی کے مطابق یہ ویڈیو باہر سے کسی نے حاصل نہیں کی، لیکن یہ قاتلوں کی مہربانی ہے کہ انہوں نے اسے خود پوسٹ کیا، حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے اور قاتلوں کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم ایک ایسے معاشرے کا حصہ ہیں جہاں جرگہ سسٹم اب بھی رائج ہے اور کہیں نہ کہیں ہم سب اس نظام کی زد میں آ رہے ہیں لیکن حکومت آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ان جرگوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں :بلوچستان واقعہ ،عدالتی حکم پر خاتون کی قبر کشائی،ملزم سردار شیرباز کا جسمانی ریمانڈ منظور

متعلقہ خبریں