اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی آج ایک روزہ سرکاری دورے پر افغانستان جائیں گے جہاں افغان ہم منصب سمیت دیگر حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی آج کابل میں افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے ملاقات کریں گے، وزیرداخلہ افغان حکومت کے دیگر اعلی حکام سے بھی ملیں گے۔واضح رہے کہ محسن نقوی رواں ہفتے کابل کا دورہ کرنے والے تیسرے پاکستانی وزیر ہیں، اس سے قبل 17 جولائی کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بھی کابل کا دورہ کیا تھا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے کابل کا دورہ کیا تھا، جس میں وفاقی وزیر ریلوے، افغانستان کے لیے وزیر اعظم کے معاون خصوصی، نمائندہ خصوصی اور سیکریٹری وزارت ریلوے بھی شریک ہیں۔
نائب وزیراعظم کے دورہ کابل کا مقصد ازبکستان-افغانستان-پاکستان (یو اے پی) ریلوے منصوبے کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر فریم ورک معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کرنا تھا۔
یو اے پی ریلوے منصوبے کا مقصد ازبکستان کو افغانستان کے راستے پاکستان سے ریل کے ذریعے منسلک کرنا ہے تاکہ وسطی ایشیائی ممالک کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی حاصل ہو سکے، منصوبے سے علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ کو فروغ دے کر خطے میں استحکام، ترقی اور خوشحالی کا باعث بننے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:کورم پورا نہ ہونے پر کے پی اسمبلی کا اجلاس24 جولائی تک ملتوی