واشنگٹن (اے بی این نیوز)وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو طبی معائنے کے بعد ٹانگوں کی سوجن کی شکایت پر معائنے کے بعد ایک دائمی لیکن غیر سنگین رگوں کی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔
غیرملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ صدارتی معالج نے تشخیص کی ہے کہ 79 سالہ ٹرمپ کو ’کرونک وینس اِن سفیشنسی‘ ہے، یہ ایک ایسی حالت ہے جس میں ٹانگوں کی رگیں خون کو مؤثر طریقے سے دل تک واپس پہنچانے میں ناکام رہتی ہیں، انہوں نے اسے ایک عام اور غیر سنگین حالت قرار دیا۔
صدر کے ہاتھ پر نظر آنے والے نیل سے متعلق قیاس آرائیوں کے جواب میں کیرولین لیوٹ نے کہا کہ یہ سافٹ ٹشوز کی سوزش سے مطابقت رکھتا ہے، جو ہاتھ ملانے کی عادت اور دل کی صحت کے لیے روزانہ لی جانے والی اسپرین کے استعمال کی وجہ سے ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ایک مکمل طبی معائنہ کروایا، جس میں خون کی نالیوں کا تفصیلی تجزیہ شامل تھا، دونوں ٹانگوں کا وینس ڈوپلر الٹراساؤنڈ کیا گیا، جس میں مذکورہ حالت کی تصدیق ہوئی۔
کیرولین لیوٹ کے مطابق اہم بات یہ ہے کہ رگوں میں خون جمنے یا شریانوں کی بیماری کے کوئی آثار نہیں پائے گئے‘، تمام ٹیسٹ نتائج نارمل رینج میں تھے، اور دل کی ساخت و کارکردگی بھی معمول کے مطابق ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے مختلف شہروں میں آج بروزجمعہ18جولائی 2025سونے کی تازہ ترین قیمت