اہم خبریں

اسرائیلی فوج کی بربریت تھم نہ سکی ،98 فلسطینی شہید

غزہ(اے بی این نیوز)غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت نہ تھم سکی، قابض فوج نے مختلف علاقوں پر حملے کرکے صبح سے اب تک مزید 98 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں شہید 38 افراد امداد کے انتظار میں قطاروں میں کھڑے تھے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کے آج تازہ حملوں میں کم ازکم 98 فلسطینی شہید ہوئے اور7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد57 ہزار 850 سے تجاوز کرگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 95 تک پہنچ گئی۔

اُدھر غزہ میں انسانی امداد کی شدید قلت برقرار ہے۔ فلسطینی حکام نے خبردار کیا کہ علاقے میں جاری محاصرے اور انسانی امداد کی شدید قلت کے باعث تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار بچے قحط اور غذائی قلت کے سنگین خطرے سے دوچار ہیں، فلسطینی حکام نے اس معاملے پر عالمی برادری کی خاموشی کو “شرمناک” قرار دیا۔

اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی اونروا کی تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ کا 86.1 فیصد علاقہ اسرائیلی فوجی زون یا جبری انخلا کے احکامات کی زد میں آچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2 سے 8 جولائی کے درمیان اسرائیلی فوج نے متعدد بار جبری انخلا کے احکامات دیے۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مارچ کے وسط میں اسرائیل کی جانب سے حماس کے ساتھ سیزفائر کی خلاف ورزی کے بعد اب تک 7 لاکھ 25 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں فلسطین ایکشن گروپ کی حمایت پر کریک ڈائون،41 سے زائد افرادگرفتار

متعلقہ خبریں