لندن (اے بی این نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد سے متعلق حکومتی بیانات پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام نے بچوں کو ان کے والد سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی، اور اگر وہ اپنے والد سے ملنے پاکستان آئے تو انہیں بھی جیل میں ڈالنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
جمائمہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، “میرے بچوں کو اپنے والد سے صرف بات کرنے کی اجازت نہیں، بلکہ اب حکومت نے دھمکی دی ہے کہ اگر وہ پاکستان گئے تو انہیں بھی قید کر دیا جائے گا۔ یہ سیاست نہیں، ذاتی انتقام ہے۔ کسی جمہوری ریاست میں ایسا رویہ ناقابل قبول ہے۔”
یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب پی ٹی آئی رہنما نعیم پنجوٹھہ نے بیان دیا کہ عمران خان کے بیٹے اپنے والد سے یکجہتی کے لیے پاکستان آئیں گے، اور ان کی بہنیں بھی پارٹی کی موجودہ سیاسی تحریک میں شریک ہوں گی۔ تاہم، حکومتی مؤقف اس کے برعکس ہے۔ وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کے بیٹوں کا مقصد سیاسی انتشار پھیلانا ہوا تو انہیں پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ معاملہ نہ صرف انسانی حقوق، والدین سے ملاقات کے حق، اور سیاسی انتقام کے ممکنہ خدشات کو اجاگر کر رہا ہے، بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔ سوشل صارفین اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ نجی زندگی کو سیاسی مخالفت کا نشانہ نہ بنایا جائے۔
مزید پڑھیں :چاروں صوبوں میں احتجاجی حکمت عملی تیار ، قاسم اور سلمان امریکہ جا رہے ہیں،شیخ وقاص اکرم