اسلام آباد (نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے شمالی پاکستان کے علاقوں میں شدید گرمی کے باعث ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ چلاس اور بونجی میں درجہ حرارت تاریخی حدیں عبور کر گیا ہے، جس کے بعد گلیشیئر پگھلنے اور گلاف (گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ) جیسے خطرناک سیلابی واقعات کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمے کے مطابق چلاس میں درجہ حرارت 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ 45 سال کا ریکارڈ توڑ چکا ہے۔ اسی طرح بونجی میں درجہ حرارت 46.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جو 28 سالہ ریکارڈ سے زیادہ ہے۔
شدید گرمی کے باعث ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں موجود گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا امکان بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں خطرناک سیلابی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں گلیشیئرز اور قدرتی پانی کے ذخائر موجود ہیں، وہاں گلاف جیسے اچانک اور تباہ کن سیلاب کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔ عوام کو بھی محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمیاتی اپڈیٹس پر نظر رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:عجب کرپشن کی غضب کہانی، اسکول کی دیوار پر رنگ کرنے کا بل 1 لاکھ سے زائد بنادیا گیا