اسلام آباد (محمد ابراہیم عباسی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے سی ڈی اے کو تحلیل کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سی ڈی اے کی جانب سے فیصلے کو معطل کرنے اور فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کی استدعا پر فوری کوئی حکم جاری نہیں کیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ “آپ انتظار کریں، اس پر ہم آرڈر جاری کریں گے”۔ کیس کی سماعت جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران سی ڈی اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سنگل بینچ نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے وہ ریلیف دیا جو درخواست گزاروں نے مانگا ہی نہیں تھا۔
وکیل نے کہا کہ فیصلے میں لکھا گیا کہ سی ڈی اے کے پاس نہ ٹیکس عائد کرنے اور نہ ہی فنڈ اکٹھا کرنے کا اختیار ہے، حالانکہ سی ڈی اے کے قانون کے تحت یہ اختیار اسے حاصل ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت نے سی ڈی اے کے ریگولیشنز پر بھی کوئی گفتگو نہیں کی، جبکہ اصل معاملہ بڑی شاہراہوں سے براہ راست رسائی (Right of Way) اور متعلقہ ایس آر او سے جڑا ہوا ہے۔ عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد فوری طور پر نہ فریقین کو نوٹسز جاری کیے اور نہ ہی حکم امتناع جاری کیا، اور ریمارکس دیے کہ اس پر مناسب وقت پر آرڈر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بچی سے لاتعلقی اور حق مہر واپسی کا انوکھا مقدمہ،عدالت کے سخت ریمارکس ،والد کو خرچہ اداکرنیکا حکم