اسلام آباد (اے بی این نیوز )پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) اور اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کے درمیان ایک تعاون کی ایک یادداشت طے پا گئی ہے جس کا مقصد عام شہریوں، بالخصوص کسانوں اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ طبقات تک بروقت اور قابلِ فہم موسمی معلومات پہنچانا ہے۔ اس حوالے سے دونوں اداروں نے باضابطہ طور پر ایک تعاون نامے (لیٹر آف کوآپریشن) پر دستخط کیے۔
یاد داشت کے تحت دونوں ادارے مقامی سطح پر موسم کی درست پیش گوئیوں، موسمی صورتحال جاننے کے لیے خودکار آلات کی تنصیب اور موسمیاتی اعدادو شمار کے مؤثر استعمال سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے پر مل کر کام کریں گے۔ اس شراکت داری سے چھوٹے کسانوں کو بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات، صاحبزاد خان نے کہا کہ”موسمیاتی معلومات صرف درست ہونا کافی نہیں، بلکہ ان کا عام لوگوں تک بروقت اور آسان زبان میں پہنچنا بھی ضروری ہے۔ اکاؤنٹیبلٹی لیب کے ساتھ اس شراکت داری سے ہم اپنی معلومات کو ان لوگوں، خصوصاً ہمارے کسان، تک مؤثر انداز میں پہنچا سکیں گے جو براہ راست ماحولیاتی اثرات سے دوچار ہیں۔”
اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، فیاض یاسین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں موسمیاتی معلومات کی فراہمی محض اعلیٰ سطح پر نہ ہو بلکہ یہ عوام کی روزمرہ زندگی سے جڑی اور مقامی تناظر میں ہو۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم ایک ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں
جہاں موسمی اعدادوشمار صرف معلومات نہ ہوں بلکہ ان کی بنیاد پر فیصلہ سازی ہو، روزگار کو بہتر بنایا جائے اور مقامی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کو فروغ دیا جاسکے۔”محکمہ موسمیات اور اکاؤنٹیبلٹی لیب کے مابین اس غیر مالیاتی تعاون کے ذریعے دونوں اداروں کی مشترکہ کوشش ہے کہ موسمیاتی موافقت، پائیدار ترقی اور دیہی و پسماندہ علاقوں میں مؤثر معلوماتی نظام کو فروغ دیا جا سکے۔ابتدائی طور پر اس منصوبے کا آغاز چند منتخب اضلاع میں پائلٹ سرگرمیوں سے کیا جائے گا، جن کے نتائج کی روشنی میں اسے ملک بھر میں وسعت دی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں :الیکشن کمیشن بےاختیار، آئین بےاثر ہو چکا ہے، جمہوریت کو دفن کرنے کا عمل مکمل ہونے والا ہے، رؤف حسن