اسلام آباد (رضوان عباسی )قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 27 جون 2025 کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں ارکان کی نئی جماعتی پوزیشن جاری کر دی ہے۔ یہ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے فیصلے کی وصولی کے بعد فوری طور پر جاری کیا گیا۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کی کل نشستیں 336 ہیں، جن میں سے اس وقت 333 نشستوں پر اراکین موجود ہیں۔ ایک رکن قومی اسمبلی کی رکنیت معطل ہے جبکہ دو مخصوص نشستیں تاحال خالی ہیں۔حکومتی اتحاد کی مجموعی نشستیں 235 ہو گئی ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے پاس سب سے زیادہ 123 نشستیں ہیں جن میں 13 بحال شدہ اراکین بھی شامل ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس 74 نشستیں ہیں، جن میں 4 بحال شدہ اراکین شامل ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے پاس 22، مسلم لیگ (ق) کے پاس 5، استحکام پاکستان پارٹی کے پاس 4، مسلم لیگ (ضیاء)، بلوچستان عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے پاس ایک، ایک نشست ہے۔آزاد حیثیت میں 4 اراکین اسمبلی موجود ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد کی نشستیں کم ہو کر 98 رہ گئی ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے پاس 80 نشستیں ہیں۔پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد اراکین کی تعداد 5 ہے۔جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے پاس 10 نشستیں ہیں جن میں 2 بحال شدہ اراکین بھی شامل ہیں۔بلوچستان نیشنل پارٹی، مجلس وحدت المسلمین پاکستان، اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے پاس ایک، ایک نشست ہے۔قومی اسمبلی کی مخصوص خواتین نشست پر جے یو آئی کی رکن صدف احسان کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔جبکہ مسلم لیگ (ن) کی دو مخصوص نشستیں (صوبیہ شاہد اور شہلا بانو) تاحال خالی ہیں، کیونکہ دونوں اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی میں بطور رکن صوبائی اسمبلی حلف اٹھا چکی ہیں۔
مزید پڑھیں :کے پی حکومت گرا کر دکھائیں، سیاست چھوڑ دوں گا، علی امین گنڈا پور کا چیلنج