اسلام آباد(اے بی این نیوز)بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی حکومتی درخواست منظور کرلی، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسط 1.14 پیسے فی یونٹ کی کمی ہوگی۔
کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر ہے، نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی حکومتی درخواست منظور کرلی، نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوادیا۔نیپرا کے فیصلے کے مطابق ملک بھر کے بجلی صارفین کے بنیادی ٹیرف میں اوسط ایک روپے 14 پیسے فی یونٹ کمی ہوگی، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں زیادہ سے زیادہ ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ تک کمی ہوگی۔
نیپرا نے یکم جولائی 2025ء سے بنیادی ٹیرف میں کمی کی حکومتی درخواست کی منظوری دی، پاور ڈویژن نے ملک بھر میں یکساں ٹیرف کیلئے درخواست نیپرا میں دائر کی تھی، نیپرا نے پاور ڈویژن کی درخواست پر گزشتہ روز سماعت کی تھی۔فیصلے کے مطابق گھریلوصارفین کیلئے بجلی کا زیادہ سے زیادہ ٹیرف 48.84 سے کم ہوکر 47.69 روپے ہوجائے گا، ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 10.54 روپے، 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 1.15 کمی سے 13.01 روپے ہوجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایک سے 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 کمی سے 22.44 روپے اور ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 28.91 روپے ہوجائے گا۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق ماہانہ 201 سے 300 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 33.10 روپے 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 37.99 روپے، 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 1.14 روپے کمی سے 40.22 روپے ہوجائیگا۔
نیپرا کے مطابق ماہانہ 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 41.62 روپے، 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 42.76 روپے، 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 47.69 روپے ہوجائے گا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکسوں کو ملاکر سیلب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت بڑھ جائے گی، ماہانہ 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کیلئے 3.95 روپے فی یونٹ کا ٹیرف برقرار رہے گا، 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے ٹیرف 7.74 روپے فی یونٹ برقرار رہے گا۔
مزید پڑھیں: نادرا نے شناختی کارڈ سے متعلق اہم سہولت فراہم کردی