اسلام آباد(اے بی این نیوز)نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عوام کی سہولت کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنی شناختی خدمات مقامی یونین کونسلز میں فراہم کرنا شروع کر دی ہیں، جس سے شہریوں کو نادرا دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے نجات ملے گی۔
نادرا کی اس نئی اسکیم کے تحت شہری اب اپنی متعلقہ یونین کونسلز میں جا کر درج ذیل خدمات حاصل کر سکتے ہیں، قومی شناختی کارڈCNIC کا اجراء اور تجدید کرواسکتے ہیں، بچوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ب فارم)، خاندانی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، ازدواجی حیثیت میں تبدیلی، شناختی کارڈ کی منسوخی اور دیگر متعلقہ خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ خدمات اسلام آباد کی یونین کونسلز سید پور، سہالہ، ماڈل ٹاؤن، کورال اور آئی-10/4، چکوال کے علاقے مرید اور گجرات کی دولت نگر یونین کونسل میں شروع کی گئی ہیں۔
دوسری جانب نادرا نے کراچی میں شناختی کارڈ کے اجرا کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے بائیکر سروس کو 3 سے بڑھا کر 8 یونٹس تک پھیلا دیا ہے، جس کے ذریعے اب شناختی کارڈ کی تجدید اور دیگر خدمات گھر کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: بل درست کرانے آئی بزرگ خاتون پر گارڈ کا تشدد،گھسیٹ کر گیٹ سے باہر نکال دیا