اہم خبریں

بجلی بلوں میں سےصوبائی “الیکٹریسٹی ڈیوٹی” ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے بجلی بلوں میں شامل صوبائی “الیکٹریسٹی ڈیوٹی” ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں کے ذریعے یہ ڈیوٹی وصول نہیں کی جائے گی۔ وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے اس حوالے سے تمام وزرائے اعلیٰ کو باقاعدہ خط ارسال کر دیے ہیں، جس میں انہیں اس پالیسی تبدیلی سے آگاہ کرتے ہوئے مشاورت کی دعوت دی گئی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی کے بلوں میں شامل ٹیکسوں اور دیگر چارجز کو کم سے کم کیا جائے تاکہ عوام پر مالی دباؤ کم ہو اور وہ صرف بجلی کے اصل استعمال کی ادائیگی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں مختلف اقسام کے چارجز اور ڈیوٹیاں صارفین کے لیے الجھن کا باعث بنتی ہیں، اس لیے حکومت کا ہدف ہے کہ بل صرف بجلی کے حقیقی استعمال کو ظاہر کرے۔

وفاقی وزیر کی جانب سے ارسال کردہ خط میں حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ان میں نجی بجلی گھروں (آئی پی پیز) کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظرثانی، اور سرکاری پاور پلانٹس کے ریٹرن آن ایکوئٹی (ROE) کو کم کرنے پر جاری کام شامل ہیں۔

اویس لغاری نے تمام صوبوں سے کہا ہے کہ وہ الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی کے لیے متبادل ذرائع تجویز کریں، کیونکہ بجلی کے بلوں سے اضافی چارجز کو نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صارفین کو صرف اصل بجلی کی قیمت ادا کرنی چاہیے اور باقی تمام غیر ضروری مالی بوجھ ختم کیا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں :بھارتی خلائی مشن کی حقیقت، فیک نیوز واچ ڈاگ کی چشم کشا رپورٹ منظرعام پر آگئی،حقیقت بے نقاب

متعلقہ خبریں